اسمبلی میں انتخابی دھاندلی پر بات نہیں کرنے دی گئی، خواجہ آصف


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انہوں نے بات کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سے اسمبلی فلور مانگا تھا جو انہیں نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے انہیں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ کرنا پڑا۔

انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی تشکیل نہیں دیا گیا، ہم نے آج کے اجلاس میں صرف پارلیمانی کمیشن بنانے کا وعدہ یاد دلانا تھا مگر ہماری بات نہیں سنی گئی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کل ان کی جماعت اس مسئلے کو دوبارہ اٹھائے گی کیونکہ قائد ایوان کمیشن بنانے کا وعدہ کر چکے ہیں۔

سابق وزیردفاع کا کہنا تھا کہ ہمیں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن کا کہتے ہوئے ایک ماہ ہو چکا ہے اور ابھی تک اس سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

آج جب صدر مملکت عارف علوی کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب شروع ہوا تو پاکستان مسلم لیگ ن نے واک آؤٹ کر دیا۔

اس سے قبل قومی اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں