سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں آج حریت قیادت کی اپیل پر ہفتہ کے روز کلگام میں بھارتی فوج کے نام نہاد سرچ آپریشن، ناکہ بندی اور مظاہرین پر فائرنگ سے چھ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انڈین فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کے خلاف ہڑتل کی کال سیدعلی گیلانی،میرواعظ عمرفاروق اوریاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی ہے۔
حریت قیادت نےعالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بےگناہ شہریوں کے قتل عام پر توجہ دیں۔ کشمیری قیادت نے انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وادی میں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی زندگیوں کوخطرے کا نوٹس لیا جائے۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن، ناکہ بندی اور اس کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر فائرنگ کرکے چھ نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔
نوجواںوں کی شہادت کے خلاف ہڑتال کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں کاروبارزندگی معطل ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے ہفتہ کو کلگام کےعلاقے چوگام میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران پانچ کشمیری نوجوانوں کو بے دردی سے شہید کر دیا تھا۔ شہداء کی شناخت گلزار احمد، فیصل احمد، زاہد احمد، مسرور احمد مولوی اور ظہور احمد کے ناموں سے کی گئی تھی۔
کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف علاقے میں احتجاج پھوٹ پڑا جس پر قابض فورسز نے فائرنگ، پیلٹ گنوں کا استعمال اورآنسو گیس کی شدید شیلنگ کی۔ مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئےاور عبدالرؤف احمد نامی نوجوان شہید ہو گیا۔
گذشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نےانسانیت سوزمظالم کی تمام حدیں پار کر تے ہوئے شہید نوجوان کے جسد خاکی کو رسی سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا۔ اس درندگی بھرے منظر کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے انڈین فورسز کی درندگی پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا۔