ایشیا کپ کا آغاز، شائقین کی نظریں پاک بھارت میچ پر


دبئی: ایشیا کپ 2018 میں پاکستان اپنا پہلا میچ آج ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا لیکن شائقین کرکٹ کی نظریں 19 ستمبر کو ہونے والے پاک بھارت میچ پر لگی ہیں، دونوں ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔ 

پاک بھارت میچ کسی بھی ایونٹ کے دوران ہونے والا سب سے اہم میچ ہوتا ہے جسے دونوں ممالک سمیت دنیا بھر میں دیکھا جاتا ہے۔ کرکٹ مبصرین کے مطابق ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں بھارت کے خلاف فتح گرین شرٹس کے لیے بڑا چینلج ہوگی۔ 

دونوں ٹیمیں 12 برس بعد اماراتی سرزمین پر مد مقابل ہوں گی، اس سے قبل 2006 میں پاکستان اور بھارت کے مابین شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں دو میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کھیلی گئی تھی۔

2005 کے زلزلہ متاثرین کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی غرض سے کھیلی گئی اس سیریز میں پاکستان اور بھارت نے ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ پہلے میچ پاکستان نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں بھارت نے گرین شرٹس کو 51 رنز سے ہرا کر فتح اپنے نام کی تھی۔ 

ایشیا کپ 2018 میں حصہ لینے والی چھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ گانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

گروپ اے میں دفاعی چیمپئن بھارت، پاکستان اور ہانگ گانگ ہیں جب کہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔ 

گروپ اسٹیج میچوں میں پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ اتوار کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی، پہلے میچ میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ہانگ کانگ کی ٹیم پہلی بار ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہی ہے۔

ٹیموں کے اسکواڈ پر ایک نظر

گرین شرٹس

قومی کرکٹ ٹیم وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترے گی، دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، امام الحق، جنید خان، محمد عامر، محمد نواز، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، شعب ملک اور عثمان خان شامل ہیں۔ 

ہانگ کانگ

ہانگ کانگیز انشومن رتھ کی کپتانی میں گرین شرٹس کا سامنا کریں گے، کپتان،  وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں آفتاب حسین، اعزاز خان، بابر حیات، کرسٹوفر کارٹر، احسان خان، احسان نواز، ہارون ارشد، کیمرون میکولسن، سکاٹ سٹیفن، ندیم احمد، نزاکت خان، راگ کپور، کنچٹ شاہ، تنویر احمد، تنویر افضل اور وقاص خان شامل ہیں۔ 


متعلقہ خبریں