لاہور: صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (پی ایچ ای سی) کو ختم کرنے کے حوالے سے کوئی اجلاس نہیں ہوا اور نہ ہی حکومتی سطح پر اسے تحلیل کیے جانے کا کوئی فیصلہ ہوا ہے۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کو حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم و تحقیق وفاق اور صوبوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اٹھارویں آئینی ترمیم اور مشترکہ مفادات کی کونسل کے فیصلوں میں تعلیم پر صوبوں اور وفاق کا کردار واضح ہے۔
اس موقع پر چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اس محکمے نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے، افواہیں اور غیرذمہ دارانہ خبریں طلبا اور تعلیمی اداروں میں مایوسی پھیلاتی ہیں، ان سے اجتناب کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ اجتماعی ذمہ داری ہے، صوبے میں پی ایچ ای سی کے قیام سے تعلیمی معیار میں بہتری آئی ہے اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن حکومت کے پہلے سو دن کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔
چیئر پرسن پی ایچ ای سی نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے مقرر کردہ معیار اور قوائد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، کمیشن تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنانے کے لئے اپنی کوششوں کو جاری رکھے گا۔