دبئی: ایشیا کپ 2018 کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے دی ہے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 124 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کرتے ہوئے 49.3 اوورز 261 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا نے 4، ڈی سلوا نے 2، لکمل، اپونسو اور پریرہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگہ دیش کی جانب سے مشفیق الرحیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 144 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے۔
میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل سری لنکا کے دو کھلاڑی انجری کا شکار ہو کر میچ سے باہر ہو چکے ہیں۔ نوشکا گناتھیلکا کمر میں چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئے تھے ان کی جگہ آل راونڈر شایان جے سوریا ٹیم اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
دینیش چندی مال دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی کے فریکچر سے صحتیاب نہ ہونے کے باعث ٹیم سے ڈراپ ہوئے، ان کی جگہ نروشن ڈیکویلا ٹیم کا حصہ ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کی غیر موجودگی سری لنکن ٹیم کو مشکلات کا شکارکر سکتی ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی جب کہ سری لنکا کو چھ مرتبہ فائنل میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ٹیم اسکواڈز
سری لنکا
اینجلو میتھیوسری لنکن ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں آملا اپونسو، دشمنتھا کمیرا، اکیلا دھننجیا، دھننجیا ڈی سلوا، نروشن ڈیکویلا، شایان جے سوریا، راس لکمل، لستھ ملنگا، کوزل مینڈس، دلروان پریرا، کوزل پریرا، تھیسارا پریرا، کاسن راجیتھا، داسن شناکا اور اوپل تھرنگا شامل ہیں۔
بنگلہ دیش
بنگالی ٹائگرز مشرفی مرتضی کی کپتانی میں کھیل رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں شکیب الحسن، ابو حیدر، عارف الحق، لتن داس، محمد اللہ، مہدی حسن مرزا، محمد مٹھن، مصدق حسین، مشفیق الرحیم، مستفیظ الرحمان، نظم الحسین شانتو، نظم الاسلام، روبیل حسین اور تمیم اقبال شامل ہیں۔