وزیر صحت پنجاب کے دورے بھی بے سود

فوٹو: فائل


لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسیمن راشد کے سرکاری اسپتالوں کے دورے بھی بے سود ثابت ہوئے۔ لیڈی ایچی سن اسپتال کی کئی ماہ سے خراب لفٹوں کو تاحال مرمت نہیں کیا جا سکا۔ 

لاہور کے سرکاری اسپتال لیڈی ایچی سن کی ایمرجنسی لفٹ سمیت دیگر دو لفٹیں بھی گزشتہ کئی ماہ سے خراب ہیں۔ جس کے باعث مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مریض بیماری کی حالت میں سیڑھیاں چڑ کر آپریشن تھیٹر تک جانے پر مجبور ہیں۔ 

اسپتال انتظامیہ کی جانب سے لفٹوں کی بحالی کے لیے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔ 

گزشتہ دنوں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد لاہور کے سرکاری اسپتالوں کے دورے پر تھیں تاہم اُن کے ہنگامی دوروں کے باوجود لیڈی ایچی سن اسپتال کی کئی ماہ سے خراب لفٹوں کی مرمت نہیں کی گئی۔ 

لیڈی ایچی سن اسپتال کی لفٹ خراب ہونے کے باعث زچگی کے لیے آنے والی خواتین کو بالائی منزلوں پر جانے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین نے چیف جسٹس پاکستان سے لیڈی ایچی سن اسپتال کی حالت زار پر از خود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ 

ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے دورے کے دوران بھی لفٹ خراب ہونے کا کوئی نوٹس نہیں لیا جب کہ چیف جسٹس پاکستان مختلف سرکاری اسپتالوں کی خراب لفٹوں پر از خود نوٹس بھی لے چکے ہیں۔ 


متعلقہ خبریں