میٹرو سروس کا کرایہ بڑھا رہے ہیں، فیصل واوڈا


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ہمیں سب کچھ بری حالت میں ملا ہے لیکن پھر بھی ہماری حکومت پر تنقید کی جا رہی ہے۔

پروگرام نیوزلائن میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ غلط بیانی کا ہے جو کہ ن لیگ کر رہی ہے اور اپنی غلطی نہیں مان رہی۔

وزیراعظم عمران خان کی دیانت داری کو سراہتے ہوئے رہنما تحریک انصاف نے بتایا کہ عوام نے ہمیں ووٹ نہیں دیا بلکہ وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کر کے انہیں ووٹ دیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیر اعظم ہیں اگر ان سے گاڑی کا انجن بنانے کا کہا جائے گا تو وہ نہیں بنا سکتے، چیزیں ساتھ مل کر ہی ٹھیک ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو کا منصوبہ ہماری ترجیح نہیں ہے لیکن ہم اسے بند نہیں کر رہے بلکہ کرایہ بڑھا رہے ہیں۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت میں آ کربہت سی تلخ حقیقتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں کہ گھمائیں اور سب اچھا ہو جائے اس لیے ابھی ان پر زیادہ تنقید کرنا بھی ٹھیک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی حکومت کے 100 دن کی مدت پوری نہیں ہوئی لیکن تاحال ہونے والے اقدامات سے لگتا ہے ہے کہ بہتری نہیں آئے گی۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار میں آنے سے پہلے جو باتیں کیں اب ان سے وہ نہیں ہو پا رہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے باہر بیٹھ کر باتیں کرنا بہت آسان ہوتی ہیں، پتا تو حکومت میں آ کر چلتا ہے۔ حکومت کچھ اچھا کرے گی تو ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ 


متعلقہ خبریں