بیوروکریسی کی شکایت پر چئیرمین نیب سے بات کی، وزیر اعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کی شکایات پر چئیرمین نیب سے بات کی ہے، کام جاری رکھیں، حکومت آپ کی پوری مدد کرے گی۔

جمعہ کے روز اسلام آباد میں سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بیوروکریسی نے کام نہیں کیا تو حکومت کے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد نہیں ہوسکتا۔

سرکاری ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غلطیاں ہوتی ہیں، مجھ سے بھی ہوئی ہیں، آپ بھی ایک چانس لے اور کام کریں، حکومت آپ کی پوری مدد کرے گی۔

وزیر اعظم نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ حکومت بیوروکریسی کو مکل طور پر غیرسیاسی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت میرٹ پر لوگوں کو بیوروکریسی میں اوپر لائے گی۔

عمران نے کہا کہ ملک ہر روز اپنے قرضوں پر چھ ارب روپے صرف سود ادا کرتا ہے۔ اسکے بعد ہم جب قرضوں کی قسطیں ادا کرتے ہیں اور اپنے ڈیفنس کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں تو ہمارے پاس ترقیاتی کاموں کے لیے پیسے ہی نہیں بچتے۔ یہ ڈیبٹ ٹریپ کی ایک کلاسیکل مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نکلنے کا راستہ قرآن کی آیت ‘اللہ اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جو اپنی حالت بدلنے کی کوشش نہیں کرتا’ میں ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دوراہے پر کھڑاہےاوراس سے نکلنے کے لیے ہمیں اپنے آپ کو بدلنا پڑے گا، ملک کی آزادی کے بعد سے اب تک ہمارے حکمران ایلیٹ کا مائنڈ سیٹ نہیں بدلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب حکمران اورعوام ایک ہوجاتے ہیں توکچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔     


متعلقہ خبریں