کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ ہیلتھ، فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز کے چیئرمین ڈاکٹر باسط انصاری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں شجرکاری مہم کے ذریعے دس ارب درخت لگانے کا فیصلہ قابل تعریف ہے، وزیراعظم عمران خان نے ملکی مفاد میں ایک اہم فیصلہ کیا ہے جس کے باعث ماحولیاتی تحفظ میں مدد ملے گی۔
جامعہ کراچی کے شعبہ ہیلتھ، فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز میں منعقد سمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیزی سے ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ماحولیاتی تحفظ کو اسی طرح سے ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
سمینار کا عنوان ”درخت لگاؤ، درخت بچاؤ” رکھا گیا تھا۔ سمینار کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور درختوں کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔
ڈاکٹرباسط انصاری نے کہا کہ موجودہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان بہت متاثر ہو رہا ہے جبکہ سبزے کی کمی اور درختوں کی کٹائی کے باعث ماحول میں آکسیجن کم ہو رہی ہے اور گرمی کی شدت بھی بڑھتی جا رہی ہے جو انسانی زندگی کی بقا کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا حل شجر کاری میں ہے اسی لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے جس کے لیے شجر کاری مہم ایک اہم اقدام ہے۔