اسلام آباد: وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پاکپتن تبادلہ کیس میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ احسن جمیل گجر نے پولیس کے ساتھ کوئی غلط رویہ نہیں رکھا اور نہ ہی انہیں ڈرایا دھمکایا ہے۔
سپریم کورٹ کو جمع کرائے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ 24 اگست کو مانیکا خاندان کو لاحق سیکورٹی خدشات کے بارے علم ہوا، احسن گجر نے مانیکا خاندان کی تشویش سے متعلق انہیں بتایا تھا جس پر انہوں نے پولیس افسروں سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ احسن جمیل گجر اس معاملے پر بات کرنا چاہتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ احسن گجر نے معاملے کی تمام تفصیل بتائی اور پولیس سے معاملے کو حل کرنے کی درخواست کی۔ ڈی پی او پاکپتن نے کہا وہ معاملے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ آر پی او ساہیوال نے بھی کہا کہ وہ ذاتی طور پر معاملے کو دیکھیں گے۔
بیان کے مطابق پولیس افسران کے ساتھ ملاقات سرکاری نوعیت کی نہیں تھی جبکہ احسن جمیل کا پولیس افسران کے ساتھ رویہ نرم تھا۔
پولیس رپورٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا دو صفحات پر مشتمل بیان بھی شامل کیا گیا ہے، ان کا بیان ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن سی ایم ہاؤس کے ذریعے دیا گیا ہے۔