ٹینس کورٹ میں رافیل نڈال کی بادشاہت برقرار


نیویارک: یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ختم ہوتے ہی نئی ٹینس رینکنگ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق رافیل نڈال یو ایس اوپن کا ٹائٹل نہ جیت سکنے کے باوجود بھی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

نئی رینکنگ کے مطابق سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر دوسری پوزیشن حاصل کر سکے ہیں جب کہ ومبلڈن اوپن اور یو ایس اوپن کے فاتح نواک جوکووچ کو تیسری پوزیشن ملی ہے۔

حالیہ ٹورنامنٹ جیتنے والے نواک جوکووچ نے اپنی رینکنگ میں تین درجے بہتری حاصل کی ہے جس کے بعد وہ چھٹی سے تیسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں جب کہ جرمنی کے الیگزینڈر ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر جگہ بنا پائے ہیں۔

ٹینس کی نئی درجہ بندی کے مطابق کروشیا کے کھلاڑی مارین سلیک چھٹے نمبر پر براجمان ہیں، انہوں نے یہ پوزیشن ایک درجہ ترقی کے بعد حاصل کی ہے۔

بلغاریہ کے گریگور دمتروف ایک درجہ ترقی کے بعد آٹھویں سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریا کے کھلاڑی ڈومینک تھیم رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر جگہ بنا پائے ہیں۔

چار درجے تنزلی کے ساتھ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن نویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ دسویں پوزیشن امریکہ کے جان اسنر نے حاصل کی ہے انہوں نے یہاں تک آنے کے لیے اپنی رینکنگ میں ایک درجہ ترقی حاصل کی ہے۔


متعلقہ خبریں