اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت نے سادگی کو رواج دینے کی پالیسی کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کے بعد کیبنٹ ڈویژن کے ہیلی کاپٹرز اور وزیراعظم ہاؤس کے لیے لائی گئی بھینسوں کی نیلامی کا فیصلہ کیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کیبنٹ ڈویژن کے پاس موجود چار ہیلی کاپٹرز استعمال میں نہیں آتے اس لیے انہیں نیلام کر دیا جائے گا۔ گزشتہ دور حکومت میں وزیراعظم ہاؤس لائی گئی آٹھ بھینسوں کو بھی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعظم ہاؤس میں موجود 102 لگژری گاڑیوں کی 17 ستمبر کو نیلامی کے لیے اخبارات میں اشتہار دیا گیا تھا۔
After the surplus car auction , 4 surplus helicopters will be sold which are lying unused with the cabinet division. Plus , now listen to this, 8 buffaloes which Nawaz kept at the PM house for his gastronomic requirements. So all potential buyers please get ready.
— Naeem ul Haque (@naeemul_haque) 10 September 2018
نیلامی کے اعلان کے بعد پاکستان عوامی لیگ کے چوہدری ناصر کی جانب سے گاڑیوں کی نیلامی رکوانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیلامی کے لیے پیش کی جانے والی گاڑیاں غیر ملکی مہمانوں کے لیے ہیں۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نیلامی کے بعد غیر ملکی مہمانوں کے لیے گاڑیاں کرائے پر حاصل کی جائیں گی جس کا بوجھ عوام کے کاندھوں پر پڑے گا۔
تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوتے ہی عمران خان نے سادگی کو روان دینے اور شاہانہ اخراجات کم کرنے کی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کا موقف ہے کہ ایسا کر کے ملکی معیشت پر پڑے اضافی خرچوں کا بوجھ کم کیا جا سکتا ہے۔