یو ٹرن لینا ہمارا قومی کھیل بن چکا ہے، رانا افضل

یو ٹرن لینا ہمارا قومی کھیل بن چکا، رانا افضل

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ ہم ’یو ٹرن‘ لفظ کا تذکرہ ایسے کرتے ہیں جیسے یہ ہمارا قومی کھیل ہو، یہ ایک سنجیدہ بات ہے کہ پہلے ایک سیاسی رہنما کوئی فیصلہ کرے اور بعد میں اس سے پیچھے ہٹ جائے۔ یہ معاملہ ندامت اور کم عقلی کی جانب جاتا دکھائی دے رہا ہے۔ 

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوز لائن‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے قوم سے فنڈز تب مانگے جب پاکستان مشکل حالات میں تھا اور کوئی ملک پاکستان کو قرضہ دینے کے لیے تیار نہیں تھا، اس مرتبہ ڈیمز فنڈ میں پرانے فنڈز کے مقابلے میں بہت کم پیسے جمع ہو رہے ہیں۔

رانا افضل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے بجلی کے بڑے بڑے منصوبے لگائے مگر کبھی ایسے چندہ نہیں مانگا، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ہم نے اپنے فرائض بھرپور انداز میں ادا کیے۔

پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈارنے کہا کہ حکومت نہ ہی دھاندلی کے الزامات سے بھاگ رہی ہے اور نہ ہی تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال جن بڑے منصوبوں کا ذکر کرتے ہیں وہ انہوں نے اپنی جیب سے نہیں بلکہ ملک کو قرضے میں ڈبو کر لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ آج بھی جاری ہے۔

سی پیک کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی اس منصوبے کو غیرسنجیدگی سے نہیں لیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 14 بلین ڈالر کی رقم چندوں سے نہیں اکٹھی ہو سکتی، یہ احمقانہ منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کے لیے یکساں قانون ہونا چاہیے، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی باتیں ظاہر کرتی ہیں کہ وہ ابھی تک اپوزیشن کی سوچ سے باہر نہیں نکلے۔


متعلقہ خبریں