اسلام آباد: پاکستان کے نومنتخب ایوان زیریں (قومی اسمبلی) اورایوان بالا (سینیٹ) کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر 2018 کو منعقد ہوگا جس سے نومنتخب صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔ 14ستمبرکو قومی اسمبلی کا باقاعدہ اجلاس بلایا جائے گا۔
ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ اس بات کا فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کے منعقدہ اجلا س میں کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیردفاع پرویز خٹک،وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری، ملک عامر ڈوگر، سردار ایاز صادق، رانا تنویر حسین، سید غلام مصطفی شاہ، سید نوید قمر اور مولانا اسد محمود کے علاوہ وزارت پارلیمانی امور کے سیکرٹری نے شرکت کی۔
ہم نیوز کے مطابق اس بات پراجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں ماضی کی روایات کو برقرار رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور قومی اسمبلی کے اجلاس کے شیڈول کے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شرکائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل سے ملک میں جمہوری ادارے مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہعوام نے تمام سیاسی پارٹیوں کو ایوان میں اپنے قیمتی ووٹ کے ذریعے بھیجا ہے اورانہیں پارلیمان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے زور دے کر کہا کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے اورملک کو تر قی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر اس نظام کو چلانا ہے۔
اسپیکر اسد قیصر نے واضح کیا کہ قائمہ کمیٹیوں کی جلدازجلد تشکیل اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شرکا سے کہا کہ کمیٹیوں کی تشکیل میں تمام جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین پارلیمنٹ پر زور دیا کہ پارلیمنٹ کے تقدس میں اضافے اور ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ہم نیوز کے مطابق اسپیکراسد قیصر نے اپوزیشن سے ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اراکین کے نام جلد از جلد دینے کی درخواست بھی کی۔