پاکستان کا دورہ نہایت کامیاب رہا،سعودی وزیراطلاعات

دورہ پاکستان نہایت کامیاب رہا، سعودی وزیر اطلاعات


اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر اطلاعات و ثقافت ڈاکٹرعواد بن صالح کا کہنا ہے کہ ان کا دورہ پاکستان نہایت کامیاب رہا ہے جس پروہ بہت خوش ہیں۔

وہ اپنے تین روزہ دورہ پاکستان کے بعد اپنے ملک روانگی سے قبل ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کررہے تھے۔

سعودی عرب کے وزیر نے دورہ پاکستان کے دوران صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، اسپیکر قومی اسمبلی، اور وزیرخارجہ سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اوران سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر عواد بن صالح  کا کہنا تھا کہ تمام ملاقاتیں بہت بارآور ثابت ہوئیں جس پر وہ مسرور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق بھی ہوا۔

ڈاکٹرعواد بن صالح کا کہنا تھا کہ پاکستان بردار اسلامی ملک ہے جس سے نا صرف حکومتوں کا بلکہ لوگوں کا تعلق بھی محبت اور بھائی چارے پرمبنی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوط روابط ہوں گے۔ 

سعودی وزیر اطلاعات و ثقافت اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلامی ممالک کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے  دورہ پاکستان کی دعوت دینے پراپنے ہم منصب وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔


متعلقہ خبریں