وزیراعظم جلد کراچی کا دورہ کریں گے: فواد چودھری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جلد کراچی کا دورہ کریں گے، شہر قائد میں عنقریب صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ 

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع کیا ہے، یہ کارروائی تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

 وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تجاوزات ہر صورت ختم کیے جائیں گے اور تجاوزات ختم کر کے سرکاری زمین واگزار کرائی جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ زمین واگزار کرانے کے بعد قابضین کے خلاف کارروائی کریں گے، ان کے خلاف نوٹسز کے بعد کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور آپریشن سے پہلے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی ہو گی اورمحرم الحرام سے پہلے آپریشن مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا دوسرا مرحلہ محرم کے بعد شروع  کیا جائے گا، ملک کو چلانے کیلئے قانون کی حکمرانی یقینی بنانا پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیم بنانے کے لیے پیسے مانگ رہی ہے اور یہاں لوگ اربوں کی جائیداد پر قابض ہیں۔


متعلقہ خبریں