چین کے وزیرخارجہ آج پاکستان پہنچیں گے

چین کسی بھی بے بنیاد الزام کی مخالفت کرتا ہے، چینی وزیر خارجہ

اسلام آباد: پاکستان میں نئی حکومت قائم ہونے کے بعد اپنے پہلے دورہ پر چین کے وزیرخارجہ وانگ ای آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جہاں وہ تین روز قیام کریں گے۔

چینی وزیرخارجہ پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ چینی وزیرخارجہ کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد بھی ہوگا اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی وفود کی سطح پر چینی وزیرخارجہ سے بات چیت کریں گے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ چینی وزیرخارجہ صدر، وزیراعظم، اسپیکر اسمبلی اور آرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ وانگ ای جمعہ سے اتوار تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ تین روزہ دورے میں پاکستانی ہم منصب اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوں گی۔

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں، دونوں ممالک اچھے پڑوسی، دوست اور بھائی ہیں۔

چینی وزیرخارجہ کے دورہ کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، سی پیک اور خطے کے دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران ایران اور امریکہ کے وزرائے خارجہ اور جاپان کے وزیر مملکت بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں