اڈیالہ جیل میں نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان ایک گھنٹہ 30 منٹ تک ملاقات جاری رہی۔ کانفرنس ہال میں کی گئی اس ملاقات میں نواز شریف کے ساتھ مریم نواز اور کیپٹن صفدر بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف سے ملنے والوں کی فہرست میں 150 افراد شامل تھے، چوہدری نثار کے دست راست حاجی عمر فاروق نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی۔ انہوں نے ضمنی انتخابات میں این اے 63 کا ٹکٹ مانگا تاہم سابق وزیراعظم نے انہیں کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا۔

ملاقات کے دوران عمر فاروق نے نواز شریف سے کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ ن چھوڑی ہی نہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتیوں اور قیدیوں کے لیے کانفرنس ہال میں پانی بھی موجود نہیں تھا، متعدد بار طلب کرنے پر بھی پانی فراہم نہیں کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ شہباز شریف کے علاوہ ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کو بھی پانچ منٹ کے لیے نواز شریف سے ملاقات کا موقع فراہم کیا گیا۔


متعلقہ خبریں