راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔
نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یوسف رضا گیلانی پر الزام ہے کہ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر کے طور پر یونیورسل سروسز فنڈ (یو ایس ایف) کی کارکردگی نمایاں کرنے کے لیے میڈیا میں ایک مہم چلانے کا حکم دیا تھا جس کی وجہ سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ریفرنس میں دیگر ملزمان میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد سلیم، یو ایس ایف کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ریاض اشعر صدیقی، میڈاس کے سی ای او انعام اکبر، یو ایس ایف کے سابق کمپنی سیکرٹری سید حسن شکوہ اور پبلک ریلیشنز آفیسر آئی ٹی محمد حنیف شامل ہیں۔
نیب ریفرنس میں چیئرمین پیمرا سلیم بیگ کو بھی بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کیا گیا ہے۔