بیروت: شام نے کہا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے شامی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ شامی فوجوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے داغے گئے راکٹوں کو گرا دیا۔
شام کے سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی فضائیہ نے دشمن کی جانب سے داغے گئے پانچ راکٹ گرا دئے ے تاہم اس دوران ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔
بانیاس کے اسپتال ذرائع کا کہنا ہے بتایا کہ اسرائیل کی طرف سے کیے گئے راکٹ حملے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی ثنا کے مطابق فوج کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے صوبہ حما اور طرطوس میں شامی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا، جوابی کارروائی میں دشمن کے کئی میزائل تباہ کردیئے گئے۔
شام کی انسانی حقوق کی مبصر تنظیم کا کہنا ہے کہ حما کے نزدیک اور ساحلی شہر طرطوس کے اطراف میں کئی زوردار دھماکے سنے گئے۔ جس علاقے کو نشانہ بنایا گیا وہاں ایرانی فوجی تنصیبات بھی موجود ہیں۔
تنظیم کے سربراہ رمی عبدالرحمان نے کہا کہ ساحلی شہر بانیاس کے ارد گرد بھی حملہ کیا گیا۔ آئل ریفائنری سے ایک کلومیٹر دور دو میزائل داغے گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوجی ترجمان نے اس بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔