تحریک انصاف ایم این اے کے خلاف ڈپٹی کمشنر کا خط


لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور رکن قومی اسمبلی کے خلاف ڈپٹی کمشنر راجن پور نے خط لکھ کر تقرروتبادلوں کے لیے دباؤ ڈالنے کی نشاندہی کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر راجن پور نے این اے 194 سے تحریک انصاف کے منتخب رکن اسمبلی نصر اللہ دریشک پر تقرر اور تبادلے کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام لگایا۔ ڈپٹی کمشنر اللہ دتہ وڑائچ نے اپنے خط کے ذریعے کمشنر کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ رکن قومی اسمبلی سردار نصر اللہ دریشک، صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک اور سابق رکن اسمبلی کی طرف سے محکمہ مال اور بارڈر ملٹری پولیس میں تقرر و تبادلے کے لیے مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

خط کے متن کے مطابق سردار نصر اللہ دریشک نے یکم ستمبر کو صبح دس بجے موبائل پر کال کی اور کال اٹینڈ نہ ہونے کے بعد کہا میسج کے ذریعے کہا کہ فارغ ہونے کے بعد مجھ سے بات کی جائے۔

خط میں ڈپٹی کمشنر نے تقرر و تبادلے کے لیے تمام رابطوں اور ماتحت اسٹاف کے ساتھ ارکان اسمبلی کی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کررہا ہوں۔

ڈپٹی کمشنر نے اپنے خط میں استدعا کی ہے کہ واقعہ میں ملوث رکن قومی اسمبلی اور صوبائی وزیر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔


متعلقہ خبریں