شیخ رشید کی کراچی آمد، ریلوے اسٹیشن پر مسافر مشکل میں

فوٹو: فائل


کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سادگی اپنانےاور حکومتی وزراء کے پروٹوکول نہ لینے کی پالیسی کے برخلاف وزیرریلوے شیخ رشید احمد کی سٹی اسٹیشن کراچی آمد کے موقع پر اسٹیشن کے دروازے بند کر دیے گئے۔

جمعرات کو وزیر ریلوے کے دورہ کے موقع پر ٹکٹ کاؤنٹر کو بھی بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے عام لوگوں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے شاہانہ پرٹوکول پر تنقید ہورہی تھی کہ ریلوے کے وزیر کے دورہ سٹی اسٹیشن کے دوران پرٹوکول کی وجہ سے اسٹیشن کے دروازے اور ٹکٹ کاونٹر کی بندش سامنے ائی، جس سے مسافروں اور عام لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا  ۔

معاملہ کا شکار ہونے والوں کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کھلاڑی اپنے ہی کپتان کی سوچ اور پالیسی پر عمل کرنے سےکترانے لگے ہیں۔ جبھی شیخ رشید سٹی اسٹیشن کراچی پہنچے تو وہاں سناٹا چھا یا ہوا تھا کیونکہ انتظامیہ نے اسٹیشن کو مسافروں اور عام لوگوں کے لیے پہلے سے ہی بند کر دیا تھا۔

شیخ رشید کے دورہ کے دوران وہاں موجود مسافراور ٹکٹ بک کرانے اسٹیشن پہنچنے والے منہ تکتے رہ گئے۔ وزیرریلوے شیخ رشید احمد ٹھنڈے کمرے میں افسران سے بریفنگ لیتے رہے لیکن  باہر شہری انتظار کی سولی پر لٹکتے رہے کہ کب وزیرموصوف جائیں اور دوازے کھلیں۔

میڈیا میں نمایاں رہنے والے شیخ رشید کی سٹی اسٹیشن آمد پر صحافیوں کو بھی اسٹیشن کی عمارت کے اندر جانے کی اجازت نہیں ملی۔ صحافی محکمہ ریلوے کے افسران سے الجھتے رہے لیکن انہیں اسٹیشن کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔


متعلقہ خبریں