بھارت میں 40 برس قید رہنے والا مقبول حسین انتقال کر گیا


راولپنڈی: بھارت میں 40 سال جنگی قیدی کی زندگی گزار کر 2005 میں پاکستان واپس آنے والے پاکستانی فوجی مقبول حسین کا انتقال ہو گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 1965 کی جنگ میں حصہ لینے والے پاکستانی سپاہی مقبول حسین منگل کو کمبائنڈ ملٹری اسپتال ( سی ایم ایچ ) اٹک میں خالق حقیقی سے جا ملے۔

انہیں 1965 کی جنگ کے دوران بھارت نے گرفتار کیا تھا اور وہ بھارت کی مختلف جیلوں میں 40 سال کی قید کاٹنے کے بعد 17 ستمبر 2005 کو رہا کیے گئے تھے۔

جنگی ہیرو مقبول حسین سی ایم ایچ اٹک میں زیر علاج تھے۔ مقبول حسین کی نماز جنازہ بدھ کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔ مرحوم کو ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقبول حسین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

بھارت کی جانب سے 1965 کی جنگ کے قیدیوں کا ایک گروپ پاکستان کے حوالے کیا گیا تھا جس میں سپائی مقبول حسین بھی شامل تھے جو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے۔

بھارتی قید کے دوران مقبول حسین سے راز اگلوانے کے لیے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ناکامی پر ان کی زبان کاٹ دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں