منقسم اپوزیشن پی ٹی آئی کی خوش قسمتی، سراج الحق

منقسم اپوزیشن پی ٹی آئی کی خوش قسمتی، سراج الحق

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن منگل کی رات تک صدارتی امیدوار پر متفق نہیں ہو پائی تو اپوزیشن کے ایک کے بجائے دو امیدوار ہوں گے۔

پروگرام ’بڑی بات‘ میں عادل شاہ زیب سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اتحاد ایک بہتر چیز ہے لیکن اس کے کچھ مقاصد ہونے چاہیں، اپوزیشن نے اب تک اپنے مقاصد واضح نہیں کیے۔ یہ تحریک انصاف کی خوش قسمتی ہے کہ اپوزیشن متحد نہیں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ کسی کی نیت پر شک نہیں کرنا چاہیے، اگر وزیراعظم پاکستان کو مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کی بات کرتے ہیں تو وہ اس معاملے میں عمران خان سے بھرپور تعاون کریں گے۔ تحریک انصاف کو کچھ دن دیے جائیں تا کہ خود ہی ان کی حقیقت لوگوں کے سامنے آ جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو ایک ایسی ریاست بنانا جاہتے ہیں جس میں نیکی کرنا آسان اور گناہ کرنا مشکل ہو جائے۔ الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ پوری قوم نے دیکھا، تمام سیاسی جماعتوں کے ان انتخابات پر بہت تحفظات ہیں۔

امیرجماعت اسلامی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح اس دفعہ بھی آزادانہ انتخابات نہیں دیکھے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب جب کہ اسمبلی وجود میں آ چکی ہے تو سب کو اس میں ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں