سیاست میں فرعونیت نہیں چلتی، علی محمد خان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ سیاست میں فرعونیت نہیں چلتی، شہباز شریف کو تکبر سے باہر آنا پڑے گا، سیاست میں آپ کو دوسروں کے سامنے جھکنا پڑتا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوزلائن میں ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں بڑی جماعتیں ہیں اور یہ کسی دوسری جماعت کے پیچھے چلنا پسند نہیں کریں گی۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی پیپلزپارٹی کے حامی نہیں رہے لیکن یہ ایک جمہوری جماعت ہے، اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کا کردار دیکھا جو انہیں زیب نہیں دیتا تھا جبکہ پیپلزپارٹی نے اچھا کردار نبھایا، اپوزیشن حکومت پر جتنا تنقید کرے گی اتنا ہی حکومت پرفارم کرے گی۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین کی تعیناتی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کا چیئرمین اپوزیشن سے منتخب نہیں کرنا چاہیے کیونکہ وہ کبھی بھی اپنی جماعت کا احتساب نہیں کرے گا۔

پروگرام میں موجود پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹر عامرحسن نے کہا کہ تمام جماعتیں اپنی اپنی منفرد حیثیت میں الیکشن لڑ کرآئی ہیں، حکومت کو ابھی بہت سے ایسے کام کرنے ہیں جن کی وجہ سے وہ کمزور جبکہ اپوزیشن مضبوط ہو گی۔

اسمبلی میں ہونے والی تقاریر کے حوالے سے رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی تقریر ہوری دنیا نے سنی اور اسے سراہا جبکہ دوسری طرف شہبازشریف کی تقریر بھی سب نے سنی۔ ہم مہذب لوگ ہیں ہم وہ کام نہیں کریں گے جو باقی کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے پاکستان کے اندر جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے اپوزیشن کی ہے، اپوزیشن صرف کنٹینرز پر چڑھ کر گالیاں نکالنے کا نام نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کو ممنون حسین جیسا نہیں بلکہ اعتزاز احسن جیسا معتبر صدر چاہیے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما رانا افضل نے ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ہر جماعت دوسرے سے مقابلے میں مصروف ہے تو یہ ایک صحت مند روایت ہے، اس سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے۔

نمبیرز گیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نون لیگی رہنما نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ اپوزیشن کے پاس ہمیشہ کم نمبرز ہوتے ہیں، اگر ایسا نہ ہوتا تو وہ اپنی حکومت بنا لیتے۔

مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک پرانے سیاستدان ہیں جنہوں نے پاکستان کے لیے بہت  کام کیے، انہوں نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا، تحریک انصاف نے ان پر سنگین الزام لگائے جس کے لیے انہیں معافی مانگنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں