چمن: قبائلی رہنما پر راکٹ لانچر حملہ، ایک شخص ہلاک

چمن: راکٹ لانچر حملہ، قبائلی رہنما کے اسکوڈ کی گاڑی تباہ ذ|humnews.pk

چمن: کوئٹہ چمن شاہراہ پر راکٹ لانچر حملے میں قبائلی رہنما کے اسکواڈ کی گاڑی تباہ جبکہ ایک شخص ہلاک اور 5  افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر طفیل بلوچ نے بتایا ہے کہ واقعہ میں لیویز اہلکار سمیت 5 افراد زخمی ہوئے جنھیں علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے صورتحال پر قابو پا لیا ہے اور فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے۔

لیویز حکام کے مطابق حملہ کوئٹہ چمن شاہراہ پر میزئی اڈہ کے قریب قبائلی رہنما مشرصادق خان اچکزئی کے قافلے پر کیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ قبائلی رہنما کے سیکیورٹی گارڈز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا اور اس دوران  فائرنگ سے ایک لیویز اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔

حکام کے مطابق حملے کے بعد متاثرہ شاہراہ کو آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا، علاقے میں صورتحال سخت کشیدہ ہو گئی اور بھاری ہتھیاروں کے استعمال سے خوف وہراس پھیل گیا۔

بلوچستان میں رواں ماہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ہونے والے بم حملے میں بھی ایک شخص جاں بحق جبکہ دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے اور کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔


متعلقہ خبریں