وزیراعظم نے گڈ گورننس کے لیے روڈ میپ جاری کر دیا


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گڈ گورننس اور سادگی کو یقینی بنانے کیلئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کو روڈ میپ جاری کر دیا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام وفاقی اور صوبائی وزرا عوام کے ٹیکس کا پیسہ بچائیں اور سادگی اختیار کریں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر نعیم الحق کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق روڈ میپ پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔

اجلاس میں ادارہ جاتی کرپشن کے خاتمے کے لیے قومی احتساب بیورو(نیب)، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، اینٹی کرپشن اور فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کو متحرک کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزارتوں اور ڈویژنز کی سطح پر سالانہ کارکردگی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، یہ رپورٹس قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں پیش کی جائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر کرپشن ثابت ہوگئی تووزراء کو وزارت اور پارٹی رکنیت سے ہٹا دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں