وزیراعظم کا مزار قائد پر حاضری نہ دینا افسوسناک ہے، سعید غنی


کراچی: وزیر بلدیات سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ 8 دن گزر جانے کے بعد بھی مزار قائد پر وزیراعظم کا حاضری نہ دینا افسوسناک امر ہے۔

سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو حلف اٹھانے کے بعد فوری طور پر مزار قائد پر حاضری دینے آنا چاہیے تھا لیکن ایسا نہ کرنا قابل افسوس ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ لگتا ہے کہ نئے پاکستان میں مزار قائد پر حاضری وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل نہیں کیونکہ کسی وزیراعظم پاکستان کو ایسا کرنا زیب نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ خاتون اول سے گذارش ہے کہ وہ وزیراعظم کو مزار قائد پر حاضری دینے کے لیے بھیجیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ایک ہفتے قبل ہی پاکستان کے 22ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔ عام انتخابات 2018 میں پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کی تھی جبکہ پاکستان مسلم لیگ نون دوسرے نمبر پر تھی۔


متعلقہ خبریں