دیر میں احتجاج: پولیس سے جھڑپ،فائرنگ اورشیلنگ


دیر: لوئردیر میں طویل اورغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف لوگوں نے احتجاج شروع کردیا ہے۔ عوام الناس کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج کے باعث دیر پشاور شاہراہ ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق لوئر دیر میں 18 گھنٹے سے زائد غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ علاقہ مکین کم وولٹیج کی بھی شکایت کررہے ہیں لیکن ان کی داد فریاد پر کوئی سننے والا نہیں ہے جس کی وجہ سے تنگ آکر آج احتجاج کا سلسلہ شروع کیا گیا۔

لوئر دیر سے ذرائع نے بتایا کہ احتجاجی مظاہرین میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق  شاہراہ کھلوانے کے لیے پولیس بھی پہنچی تو مظاہرین کے احتجاج میں تیزی آگئی۔

علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی اور ہوائی فائرنگ بھی ہوئی۔

پولیس کی کارروائی پر مشتعل مظاہرین نے تھانہ تالاش کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے دیر پشاور شاہراہ مکمل طور پر بند کردی۔

لوئر دیر سے احتجاج کے دوران مظاہرین اورسیکیورٹی فورس کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔


متعلقہ خبریں