حرم شریف: ترک حاجی کا دل 40 منٹ بعد بحال


سعودی عرب: اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ترک حاجی کا دل 40 منٹ بعد بحال ہو گیا۔ ڈاکٹروں نے دل کی بحالی کے لیے مصنوعی تنفس کی تیکنیک استعمال کی جو کارگر ثابت ہوئی۔

اردو نیوز جدہ نے سبق نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترک حاجی اچانک حرم شریف میں گرا تو اس کا معائنہ کیا گیا جس پر معلوم ہوا کہ نبض مکمل طورپر رک چکی ہے اور دل نے بھی کام چھوڑ دیا ہے۔

غوث فلاحی تنظیم کے رضاکار المالکی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی طبی رضاکارانہ تربیت کو کام میں لاتے ہوئے حاجی کو مصنوعی تنفس دینے کی کوشش کی لیکن وہ کارگر ثابت نہیں ہوئی۔

سبق نیوز کو المالکی نے بتایا کہ اسی دوران طبی عملہ بھی پہنچ گیا جس نے مصنوعی تنفس (CPR) دینے کی کوشش کی اوریہ سلسلہ جاری رکھا تو کچھ دیر بعد حاجی کی سانس ایک دم بحال ہوگئی۔

اردو نیوز جدہ کے مطابق حاجی کو اجیاد جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت اب بہتر بتائی جاتی ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مناسک حج کے دوران پاکستان کے غلام محبوب اور سعیدہ مائی وقوف عرفہ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ہیں۔ انتقال کرجانے والوں کی تدفین منیٰ قبرستان میں کردی گئی ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق امسال دوران حج انتقال کرجانے والے پاکستانی حجاج کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں