سپریم کورٹ نے چئیرمین نیب کو طلب کر لیا

چیف جسٹس نے ڈیمز کی تعمیر کیلئے 10 لاکھ روپے جمع کرا دیے ھ| urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: فائل


لاہور:  سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے کرپشن کی انکوائری کیلئے طلب کیے جانے والے افراد کی فہرست میڈیا میں آنے پر چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو طلب کر لیا ہے۔

پیر کے روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے نیب میں پیش ہونے والے افراد کے نام  میڈیا پر آنے سے متعلق معاملہ پر لیے گئے از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ  نیب کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالے۔ انہوں نے کہا کہ کیا نیب یہ چاہتا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کار خوف سے بھاگ جائیں۔ چیف  جسٹس نےنیب کو حکم دیا کہ ہر آدمی کو چور سمجھ کر پگڑیاں نہ اچھالی جائیں۔

اس موقع پر بینچ کے دوسرے رکن جسٹس اعجاز الاحسن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ  نیب میں بھی کالی بھیڑیں موجود ہیں، نیب کا نوٹس بعد میں ملتا ہے مگر ٹی وی چینلز پر ٹکرز پہلے چلنا شروع ہو جاتے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے حکم دیا کہ اگر نیب کے کسی تفتیش کار کے بارے میں پتا چلے کہ اس نے معلومات کا تبادلہ میڈیا سے کیا ہےتو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے نیب کی عدلیہ میں کوئی عزت نہیں تھی،مگر اب نیب کی عدالتوں میں بھی عزت ہوتی ہے۔

جسٹس نثار نے کہا کہ جتنی معلومات چیف جسٹس کے پاس ہیں شائد کسی اور ادارے کے پاس بھی نہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اگر نیب کسی کو  طلب کرتا ہے تو اس معاملے کو تو خفیہ رکھے۔ انہو ں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی  نیب انکوائری میں بے گناہ  ثابت ہو جائے تو معاشرے میں  اس کی کیا عزت رہ جائے گی۔

چیف جسٹس  نے استفسار کیا کہ عدالت میں جرم ثابت ہوئے بغیر نیب کسی کو کیسے مجرم کہہ سکتا ہے؟ اس موقع پر پراسکیوٹر جنرل نیب اصغر حیدر  نے کہا کہ نیب میں بھی خود احتسابی کا عمل جاری ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر بیورو اپنے اہلکاروں اور افسران کے خلاف بھی کاروائی کرتا ہے۔

چیف جسٹس  نےاس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل نیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  کہا آپ کے بندے کو نوکری نہیں ملی تو پرائیوٹ بندے کو بلا کر بے عزت کر رہے ہیں۔

عدالت نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو پیر کے روز چیمبر میں طلب کر لیا۔ عدالت نے  پراسکیوٹر جنرل نیب اصغر حیدر کو بھی اس دن عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔


متعلقہ خبریں