رکن اعظم کی ادائیگی کے لیے حجاج عرفات پہنچنا شروع

حج: رکن اعظم کی ادائیگی کے لیے حجاج عرفات پہنچنا شورع | urduhumnews.wpengine.com

مکہ مکرمہ: فرزندان اسلام آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کریں گے جس کے لیے عازمین حج منیٰ سے روانہ ہو کر میدان عرفات پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

عازمین حج آج منیٰ میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میدان عرفات کے لیے روانہ ہوئے جہاں نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔ وقوف عرفہ کے دوران مسجد نمرہ میں خطبہ حج ہوگا جو اس مرتبہ مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ دیں گے۔

حجاج مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد عصر اور مغرب کے درمیان وقوف کریں گے جس میں حجاج اللہ تعالیٰ کے حضور ذکرو تسبیح کے ساتھ  دعائیں کریں گے۔

نماز مغرب سے قبل میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے اس لیے حجاج میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے اور وہاں مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔حجاج کرام مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔

دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لیے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔

دوسرے اور تیسرے دن بھی شیطان کو کنکریاں مارنا حج کا رکن ہے اور تینوں دن منی میں رات کا ایک خاص پہر گزارنا تمام عازمین حج پر واجب ہے۔ حجاج کرام تیسرے دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد مستقل طور پر منیٰ سے مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے اوراس طرح مناسک حج کی تکمیل ہوجائے گی۔

تبدیلی غلاف کعبہ کی تقریب

یوم عرفہ کے موقع پر غلاف کعبہ کی تبدیلی  کی روح پرور تقریب بھی منعقد کی گئی۔ اس دوران رب کائنات کی عظمت اور یکتائی کے گواہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے رخ سجدہ کو نیا غلاف پہنایا گیا۔

خانہ خدا کے غلاف کی تبدیلی ہر سال نو ذی الحج کو تب کی جاتی ہے جب دنیا بھر سے توحید کے پیروکار فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے رب تعالیٰ کے گھر کا رخ کرتے ہیں۔ یوم عرفہ کو کعبے کا سیاہ غلاف بدل کر نیا غلاف کعبے کو پہنایا جاتا ہے تو اللہ کے گھر یعنی بیت اللہ میں موجود ہر شخص سراپا عقیدت بن جاتا ہے۔

رواں سال بھی غلاف کعبہ کی تیاری 670 کلوگرام خالص ریشم اور 150 کلو گرام خالص سونے سے کی گئی ہے۔ غلاف کعبہ کے 47 حصے ہوتے ہیں جو کعبے کی چار دیواروں ،چھت اور در کعبہ پر بھی چڑھایے جاتے ہیں۔

20 لاکھ ریال کی لاگت سے تیار ہونے والے اس خصوصی غلاف کی تبدیلی کے بعد پرانے غلاف کے ٹکڑے بطور تبرک مختلف ممالک کے سربراہان اور مندوبین میں بانٹے جاتے ہیں۔ غلاف کعبہ کی تیاری کیلئےدارالکسوہ کے نام سےفیکٹری قائم ہے جہاں پورا سال اس کی تیاری کا کام ہوتا ہے۔

حج 2018 کے اعدادوشمار جاری

سعودی عرب نے حج 2018 کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین حج کے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں جس کے مطابق رواں برس 20 لاکھ سے زائد مسلمان ارکان اسلام میں شامل بنیادی فریضہ ادا کر رہے ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق مکہ میں حرم کے اندر ہر گھنٹہ میں دو لاکھ 78 ہزار حاجی نماز ادا کرتے اور ایک لاکھ 70 ہزار طواف کرتے ہیں۔ سعودی حکومت نے حاجیوں کی آسانی کے لئے جنرل پریزیڈینسی کے 10 ہزار ملازمین تعینات کیے ہیں جو 54 ہزار کی تعداد میں موجود مشینوں سے ان کی خدمت کریں گے۔ 45 حکومتی اداروں کے اڑھائی لاکھ نمائندے حجاج کرام کی خدمت پر تعینات ہیں۔

حجاج کو روزانہ کی بنیاد پر مکہ میں 2000 ٹن اور مدینہ میں 300 ٹن آب زم زم فراہم کیا جاتا ہے اور ان کی خدمت کے لئے 13 ہزار 560 ٹرالیاں فراہم کی گئی ہیں۔ 20 موذن  تعینات کیے گئے ہں جو باری باری اذان ادا کرتے ہیں۔

غیر ملکی حاجیوں کی آسانی کے لئے انگریزی، فرانسیسی ،اردو، ملاوی اور کئی دیگر زبانوں میں قرآن پاک کے تراجم اور تفاسیر بھی موجود ہیں۔

پاکستانی حجاج کے لیے انتظامات

ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ منیٰ میں دفتر امور حجاج  پاکستان کا مرکزی کنٹرول آفس 24 گھنٹے کام کر رہا ہے جس میں تمام مکاتب کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

عازمین حج کو صورت حال کے مطابق ہدایات دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ منیٰ میں گرم موسم کے باعث عازمین حج پانی اور چھتری کا استعمال کریں۔


متعلقہ خبریں