احتساب ہونا چاہیے، سیاسی انتقام نہ لیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے تاہم کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا تو پیپلزپارٹی بھرپور رد عمل دے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے حلف برداری کے بعد نئی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائداعظم  پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی بھی موجود تھے۔

اس موقع  پر وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے کراچی کو اہمیت دینے پر انہیں خوشی ہوگی، سابق وزیراعظم  نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے بھی کراچی کو ترجیح دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ موجودہ حکومت غلط  روایات نہ ڈالے، ہمارے ساتھ  گزشتہ حکومت میں 25 ارب روپے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ہمیں 25 روپے بھی نہیں دیے گئے، جو صوبہ زیادہ وسائل دیتا ہے اُسے فنڈز بھی اسی حساب سے ملنے چاہیں۔

سید مراد علی شاہ نے اُمید ظاہر کی کہ نئی کابینہ سندھ کے لوگوں کی خدمت کرے گی، ہم سے ملک کی بہتری کے لیے جو ہوگا اس کی حمایت کریں گے، ہم سندھ کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور پیر کے روز پہلے کابینہ اجلاس میں پانی کے مسئلے پر بھی غور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ  کے عوام  نے  پیپلزپارٹی  پر اعتماد کیا ہے اور اس بار ہمیں گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں 10 نشستیں زیادہ ملی ہیں۔


متعلقہ خبریں