عمران خان کا عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان

عمران خان کا عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان

اسلام آباد: نومتخب وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پنجاب کی وزارت اعلی کے لیے نامزد امیدوار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر کے ذریعے انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار ایک دیانت دار اور نئے پاکستان کے ویژن کو لے کر چلنے والے شخص ہیں، وہ اپنے نامزد وزیراعلیٰ کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے دو ہفتے تفصیلی مشاورت اور چھان پھٹک کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کا تعلق پنجاب کے پسماندہ ترین ڈویژن ڈی جی خان کے قبائلی علاقے سے ہے، یہ ایک ایسا خطہ ہے جہاں بجلی اور پانی تک دستیاب نہیں اور دو لاکھ افراد کے لیے ایک ڈاکٹر ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ نامزد وزیراعلی پنجاب کو پسماندہ علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور وہ بطور وزیراعلیٰ ان علاقوں کی بہتر تعمیر و ترقی کے قابل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ ایسا وزیر اعلیٰ آئے گا جس کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے اور جو جانتا ہے کہ ان علاقوں کے لیے عملی طور پر کیا کرنا چاہیے۔

 


متعلقہ خبریں