دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے، شہباز شریف

شہباز شریف نے گیس بحران کا ذمہ دار حکومت کو قرار دے دیا

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیشن انتخابی عمل کی تیسرے فریق سے جانچ پڑتال کرائے اور ذمہ داروں کا تعین کرے، یہ کمیشن 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے اور الیکشن قوانین میں جو ترامیم ضروری ہیں ان کی سفارشات بھی پیش کرے۔

نون لیگ کے صدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر سکا، دھاندلی کی وجہ سے ہم جشن آزادی نہیں منا سکے، حزب اختلاف کے ساتھ ساتھ حزب اقتدار کی جماعتیں بھی دہائی دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین دن تک انتخابی نتائج مکمل نہیں ہو سکے، یہ پہلا الیکشن ہے جس میں جیتنے اور ہارنے والے دونوں ہی رو رہے ہیں، گلی اور محلے کے نالوں سے بیلٹ پیپرز برآمد ہو رہے ہیں، چترال سے کراچی تک ریزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس) بند کر دیا گیا تھا۔

اپنی تقریر کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ دھاندلی کا سلسلہ الیکشن سے پہلے شروع ہو گیا تھا، 16800 سیاسی کارکنوں کے خلاف پرچے کاٹے گئے، سیاسی قیادت کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات قائم کیے گئے۔

نومنتخب وزیراعظم کو مخاطب کر کے انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے اور ووٹ کی چوری کا حساب لیں گے، نون لیگ 2018 کے دھاندلی زدہ الیکشن کا تحفظ کرنے کے لیے ایوان میں نہیں آئی بلکہ وہ جمہوریت کی شمع جلانے کے لیے آئی ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہمارے سوالوں کے جواب نہ ملے تو ہم ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دیں گے، اگر دھاندلی کرنے والے کردار بےنقاب نہ ہوئے تو ہم سڑکوں پر تحریک چلائیں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ استغاثہ کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں دے سکا، نواز شریف کا قصور یہ تھا کہ اس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور کراچی کو امن کا تحفہ دیا۔

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے یہ شعر بھی پڑھا!

زندگی اب کے میرا نام نہ شامل کرنا
گر یہ طے ہے وہی کھیل دوبارہ ہوگا


متعلقہ خبریں