وزارت عظمیٰ کے امیدوار پر پیپلز پارٹی نے موقف بدلا، رانا ثنا

رانا ثناء اللہ کی جیل میں طبعیت بگڑ گئی

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں قا ئد ایوان کے لیے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار کے حوالے سے پیپلز پارٹی نے موقف بدلا ہے اور اس کا جواب بھی وہی دے سکتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار کے طور پر شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کے حوالے سے خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اپوزپشن کا متفقہ فیصلہ تھا کہ وزارت عظمیٰ کے لیے اپوزیشن کا امیدوار نون لیگ سے ہوگا، انہوں نے کہا کہ جب کسی جماعت کو حق دیتے ہیں کہ اپنا امیدوار نامزد کریں تو یہ نہیں کہتے کہ فلاں ممبر کو نامزد کریں فلاں کو نہیں۔

پیپلز پارٹی نے بھی سید خورشید احمد شاہ کو ہماری مشاورت سے نامزد  تو نہیں کیا، ان کی اپنی صوابدید پر تھا کہ کس کو نامزد کرتے ہیں، مسلم لیگ نون کی بھی صوابدید تھی کہ کس کو نامزد کریں اس پراعتراض نہیں کیا جا سکتا۔

مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما نے کہا کہ اس اعتراض پر ہمیں نظر یہ آتا ہے کہ زرداری صاحب کی کچھ مجبوریاں ہیں، باز گشت تو سپریم کورٹ ، نیب ،اور ایف آئی اے کی سنائی دے رہی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان تمام معاملات کے پیش نظر اگر زرداری صاحب اس کے ذریعے کوئی رعایت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔

اس سے پہلے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی نے نون لیگ کو وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار پر اپنے تحفظات سے آگاہ  کر دیا تھا۔

میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ تحفظات کے باوجود اگر نون لیگ نے امیدوار نہ بدلا تو پیپلز پارٹی اپنا فیصلہ کرے گی۔


متعلقہ خبریں