آرمی چیف کی 15 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق

مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے باہمی تعاون کا فروغ چاہتے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ  نے 15 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے، سزا پانے والے دہشت گرد مجموعی طور پر 45 افراد کے قتل میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد سنگین وارداتوں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور تعلیمی اداروں پر حملوں اور عام شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، سزا پانے والے دہشت گردوں پر مجموعی  طور پر 4 شہریوں اور 41 سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل اور 103 کو زخمی کرنے کا الزام تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے  سزائے موت پانے والوں کے علاوہ 6 مزید دہشت گردوں کو مختلف نوعیت کی سزاؤں کی توثیق بھی کر دی ہے۔

15 خطرناک دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سے موت کی سزا سنائی جا چکی تھی، ان میں خیوال محمد، صدام اللہ، اظہار، سید اللہ، مجاہد، طارق علی، کلیم اللہ، محمد رحمن، فیاض اللہ، اسرار احمد اور دیگر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تمام دہشت گردوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے اور انہوں نے عدالت کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔


متعلقہ خبریں