پنجاب اسمبلی کی بڑی جماعتیں آپس میں تعاون کریں، سابق اسپیکر


لاہور: سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ اسمبلی میں موجود دونوں بڑی جماعتوں کو تعاون کرنا چاہیے اور ارکان اپنی پارٹیوں کے ساتھ  وفادار رہیں۔

رانا اقبال نے اپنے عہدے کی مدت پوری ہونے کے بعد اسمبلی سے روانگی کے وقت میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں دس سال اسپیکر پنجاب اسمبلی رہا  اور ایمانداری سے کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اس  دوران اپوزیشن اور سرکاری بنچوں میں کوئی فرق نہیں کیا جبکہ ہر رکن اسمبلی کو عزت دی اور انہوں نے بھی مجھے عزت دی۔

رانا محمد اقبال کا کہنا تھا کہ ایوان میں موجود دونوں بڑی جماعتیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں اور دونوں کو ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہیے، فارورڈ بلاک بننے سے مسلم لیگ نون کو نقصان ہوا ہے۔

رانا محمد اقبال کی سیاسی وابستگی پاکستان مسلم لیگ نون سے ہے، رانا محمد اقبال ایڈووکیٹ، زمیندار اور تجربہ کار سیاستدان ہیں، 83-1979 کے دوران چیئرمین مرکز کونسل اور یونین کونسل رہے جبکہ 93-1987 کے دوران مسلسل دو بار چیئرمین ضلع کونسل رہے۔

رانا محمد اقبال 1993 کے ضمنی انتخابات میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کے بلامقابلہ رکن منتخب ہوئے لیکن ان کے حلف اٹھانے سے قبل ہی جون 1993 میں اسمبلی تحلیل کر دی گئی تاہم 1993 میں ہی دوبارہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے اور 1996  کے دوران بطور رکن پنجاب اسمبلی خدمات انجام دیں۔

رانا محمد اقبال 1997 میں تیسری بار پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 1999 تک مختلف محکموں کی وزارتوں کے ذمہ دار رہے، چوتھی مرتبہ رکن پنجاب اسبلی بننے کے بعد 11 اپریل 2008 کو بلا مقابلہ اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔

رانا محمد اقبال پانچویں مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے بعد دوبارہ 3 جون 2013 کو دوسری مرتبہ اسپیکر پنجاب اسمبلی بنے جس کی مدت جمعرات  16 اگست 2018 کو پوری ہو گئی۔


متعلقہ خبریں