بلاول ہاؤس گھر نہیں کروڑوں لوگوں کی محبت کا مرکز ہے، چانڈیو


حیدرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف نے ابھی حلف لیا نہیں اور بغض ظاہر کرنا شروع  کر دیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بلاول ہاؤس ایک گھر نہیں، کروڑوں لوگوں کی محبت کا مرکز ہے، ہمیں پتا ہے کہ نامزد گورنر اپنے کن آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے ایسی باتیں کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کئی آمر اور ان کی باقیات ایسی حسرتیں دل میں لے کر چلے گئے، کٹھ پتلیاں کیا چیز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نامزد گورنر اپنا شوق پورا کر کے دیکھ لیں، انہیں خود ہی اپنا وزن معلوم  ہو جائے گا، ایسے بیانات سے سہاروں پر بننے والی حکومت کو فائدہ نہیں نقصان ہو گا۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ہم نہ سیاسی قوتوں میں تصادم کا ایجنڈا پورا ہونے دیں گے اور نہ جمہوریت کو نقصان پہنچنے دیں گے۔

انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ نامزد  گورنر کے غیرذمہ دارانہ بیان کا نوٹس لے، گورنر صرف ایک شہر کا نہیں پورے صوبے کا ہوتا ہے اسے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں