بھارتی فوج کی فائرنگ سے24 سالہ کشمیری شہید

فوٹو: فائل


سری نگر: مقبوضہ کشیمر کے ضلع پلواما میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 24 سالہ کشمیری نوجوان شہید ہو گیا ہے جس کے بعد گزشتہ چند روز انڈین فورسز کی جارحیت کا نشانہ بننے والوں کی تعداد سات سے زیادہ ہو گئی ہے۔

70 برسوں سے آگ و خون کا نشانہ بننے والی وادی سے موصول اطلاعات کے مطابق شہید نوجوان کی شناخت گلزار احمد بٹ کے نام سے ہوئی ہے جسے گھر کے باہر گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

پلواما میں سرچ آپریشن کے دوران  بھارتی فوج نے نہتے مظاہرین پر پیلٹ گن سے فائرنگ کی جس کی زد میں آکر خاتون سمیت پانچ کشمیری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو سری نگر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

ایک اور واقعہ میں کشمیر کے ضلع کولگام سے دانش نامی کشمیری کی لاش بھی برآمد ہوئی ہے جو سات اگست سے لاپتہ تھا۔

گزشتہ ہفتے بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی دن میں چھ کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج 70 سال سے انسانی حقوق کی سنگین پامالی کررہی ہے جس میں ہر عمر کی خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ایک رپورٹ کےمطابق رواں برس جنوری سے مئی کے دوران 889 کشمیری لاپتہ ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ کشمیریوں کو سری نگر، کٹھوعہ اور جموں کے اضلاع سے لاپتہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں