14 اگست: اسلام آباد کا سیکیورٹی پلان تیار


اسلام آباد: جشن آزادی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے جس کے تحت اضافی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

معاملہ سے واقف ذرائع کے مطابق 14 اگست کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پٹرولنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مختلف مقامات پر تعینات کی جائیں گی۔

اسلام آباد کے اہم مقامات میں سے ایک، کنوینشن سینٹر میں جشن آزادی کی تقریب کے موقع پر 200 سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے آپریشن ونگ کے 700 اہلکار شہر بھر میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد کا ٹریفک پلان

جشن آزادی کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے سہولت کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق پشاور اور لاہور سے آنے والے مسافر مری جانے کے لیے زیرو پوائنٹ سے فیض آباد  اور وہاں سے  براستہ مری روڈ آگے جا سکیں گے۔

ایمبیسی روڈ سے سرینا ہوٹل تک سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ اس دوران متبادل کے طور پر بازار چوک، سرفراز روڈ، شہید ملت روڈ اور میونسپل روڈ  کا استعمال کیا جاسکے گا۔

سیکریٹریٹ چوک سے کنونشن سنٹر تک شاہراہ جمہوریت ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ شہریوں کو ایوب چوک ،میریٹ ہوٹل براستہ مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بری امام سے ریڈیو پاکستان تک آنے جانے والی ٹریفک بند رہے گی۔ کشمیر چوک سے سرینا ہوٹل تک آنے جانے والی ہر قسم کی ٹریفک بھی بند رہے گی۔ شہری راول ڈیم سے فیض آباد، زیروپوائنٹ، فیصل ایونیو، مارگلہ روڈ استعمال کر سکیں گے۔


متعلقہ خبریں