اسلام آباد: جشن آزادی کے لیے ٹریفک پلان جاری


اسلام آباد: ٹریفک پولیس نے جشن آزادی کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 357 افسران  اور جوان  ڈیوٹی  پر تعینات ہوں گے، یوم آزادی کی تقریب کے لیے ٹریفک کا خصوصی  متبادل پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ٹریفک فرخ رشید نے بتایا ہے کہ صبح 6 بجے سے پروگرام کے اختتام تک اسلام آباد کی حدود میں مختلف سڑکیں بند رہیں گی، خصوصی اسکواڈ بھی تشکیل دیے گیے ہیں جو 13  اور 14 اگست کو شہر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنائیں گے، ون ویلنگ، خطرناک ڈرایئونگ کرنے والوں، ہیوی سائلینسر والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف سختی سے کریک ڈاؤن اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایس ایس پی ٹریفک نے احکامات جاری کیے ہیں کہ ون ویلنگ کرنے والے موٹرسائکل سواروں کے خلاف کسی صورت رعایت نہ برتی جائے، موٹرسائیکل کی آلٹریشن کرنے والے موٹر سائکل مکینکوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

ایس ایس پی ٹریفک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ والی موٹرسائکل ہرگز استعمال نہ کرنے دیں بصورت دیگر ان کی موٹر سائکل تھانے میں بند کر دی جائے گی۔

ٹریفک کے متبادل پلان کے مطابق آبپارہ چوک سے کشمیر ہائی وے  کوڑیانوالہ چوک  تک آنے جانے والی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رہے گی، متبادل کے طور پر بازار چوک، سرفراز روڈ،  شہید ملت روڈ اور میونسپل روڈ استعمال ہو گا۔

سیکرٹریٹ چوک سے کنونشن سنٹر تک شاہراہ جمہوریت ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی، بطور متبادل ایوب چوک، میریٹ ہوٹل براستہ مارگلہ روڈ استعمال کیا جا سکے گا، بری امام سے ریڈیو پاکستان تک کا راستہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا، متبادل کے طور پر تھرڈ روڈ استعمال  ہو گا۔

کشمیر چوک سے سیرینا ہوٹل تک کی سڑک آنے جانے والی ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی، راول ڈیم سے فیض آباد، زیروپوائنٹ، فیصل ایونیو، مارگلہ روڈ استعمال کے لیے کھلی رہے گی، کلب روڈ یوٹرن سے مری جانے والی ٹریفک کو کوڑیانوالہ چوک تک ون وے سڑک استعمال کرنی ہو گی۔

ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید کا کہنا تھا کہ جہاں سڑک بند ہو گی وہاں ٹریفک پولیس شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہوگی، شہری کسی بھی مشکل صورتحل سے بچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں۔


متعلقہ خبریں