اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے کراچی سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے۔
نامزد گورنر عمران اسماعیل نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، بڑی سرکاری رہائش گاہوں کے حوالے سے پارٹی پروگرام پر عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس سندھ قائد اعظم محمد علی جناح کی رہائش گاہ بھی رہی ہے، وہ گورنر ہاؤس کے اخراجات کم کریں گے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ان کے لیے شہری اور دیہی علاقے برابر ہیں، اپوزیشن جماعتیں ایک قدم آگے آئیں گی تو پی ٹی آئی دس قدم بڑھائے گی۔
سندھ اسمبلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ ہو گیا ہے جبکہ دیگر عہدوں کی نامزدگی کے لیے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے مشاورت کی جا رہی ہے، اپوزیشن سندھ میں وزیراعلی، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔