اسحاق ڈار کا نام بلیک لسٹ میں شامل، پاسپورٹ بلاک

پاکستان ڈیفالٹ ہونے والا ملک نہیں، یہ میرا ایمان ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام بلیک لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نیب کی درخواست پر اسحاق ڈار کا پاسپورٹ بھی بلاک کر دیا گیا ہے جس کے بعد سابق وزیر خزانہ پاکستانی پاسپورٹ استعمال نہیں کر سکیں گے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار اثاثہ جات ریفرنس کے اشتہاری اور مفرور ملزم ہیں، اسحاق ڈار کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کے لیے کوششیں شروع  کر دی گئی ہیں۔

گزشتہ سال احتساب عدالت نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر معلوم  ذرائع  سے زیادہ آمدن  اور اثاثے بنانے کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کی تھی۔

اس سے پہلے نو جولائی کو چیف جسٹس، جسٹس ثاقب نثار نے  وزارت داخلہ اور اٹارنی جنرل کو حکم دیا تھا کہ اسحاق ڈار مفرور ہیں، کوئی بھی ان کو پکڑ کرپیش کرسکتا ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر اسحاق ڈار پیش نہیں ہوئے تو ان کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے اور ان کی وطن واپسی کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا جائے۔

بلیک لسٹ کیا ہے:

بلیک لسٹ کے تحت کسی بھی ملزم کا قومی شناختی کارڈ  اور پاسپورٹ ایک مخصوص فہرست کا حصہ بنا دیا جاتا ہے، اس فہرست میں کسی کو شامل کرنے کا اختیار چیئرمین  نادرا اور ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے پاس ہوتا ہے تاہم پولیس، ایف آئی اے اور نیب سمیت دیگر ادارے بلیک لسٹ یا ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام ڈالنے کی سفارش کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں