طلبا اخلاقی اقدار سیکھنے پر توجہ دیں، نگراں وزیر اعظم


حسن ابدال: نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ  ناصر الملک نے طالب علموں پر زور دیا ہے کہ محنت اور لگن سے حصول علم کے لیے کوشاں رہیں اور اخلاقی اقدار سیکھنے پر بھی بھرپور توجہ دیں، انہوں نے کہا کہ تعلیم معاشرہ میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

نگراں وزیراعظم  نے بدھ کو واہ میں پریزنٹیشن کانونٹ ہائی اسکول کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بچپن میں تعلیم حاصل کی تھی۔

انہوں نے 1957 سے 1963 کے ابتدائی سالوں کی یادیں تازہ  کرتے ہوئے کہا کہ وہ 6 سال کی عمر میں ایک بورڈنگ طالب علم  کے طور پر اس اسکول میں داخل ہوئے تھے، انہوں نے بتایا کہ سخت گیر سسٹر جیمز نے انہیں ان کی صلاحیتوں کی بدولت ڈبل پروموشن دی تھی۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوات کے دور دراز علاقے سے تعلق کی بدولت وہ سال میں صرف 2  بار اپنے آبائی علاقے جایا کرتے تھے جبکہ ان کا اپنے خاندان کے ساتھ رابطہ مہینے میں ایک بار خط  کے ذریعے ہوتا تھا۔

انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ جب وہ اسکول چھوڑ دیں گے تو وہ اس وقت کو اپنی زندگی کے بہترین دور کے طور پر یاد کیا کریں گے۔

اس موقع پر اپنے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کا کہنا تھا کہ سختی کے باوجود وہ اپنی اساتذہ جنہیں سسٹرز کہا جاتا تھا، کا بے حد احترام  کرتے ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آج کے اساتذہ بھی ادارہ کے اس اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں گے جو اس ادارہ کی پہچان ہیں۔


متعلقہ خبریں