انتخابی نتائج روکے جانے پر تحریک انصاف کا اظہار تشویش

20 حلقوں کے نتائج روکے جانا نامناسب ہے، فواد چوہدری|humnews.pk

اسلام آباد: انتخابی حلقوں کے نتائج روکے جانے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اظہار ثشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم و بیش 20  حلقوں کے نتائج انتظامی یا عدالتی وجوہ کی بنا پر روکے جانا انتہائی نامناسب  ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ  48 حلقوں میں پہلے ہی  ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جا چکی ہے اس لیے اب مزید وقت ضائع نہیں ہونا چاہیے کیونکہ انتخابی نتائج میں اس قسم کے تعطل سے انتقال اقتدار میں مزید تاخیر کا اندیشہ ہے۔

فواد چوہدری نے استدعا کی کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار اس  نامناسب تعطل  کا نوٹس لیں کیونکہ انتخابی جمہوری عمل میں کسی بھی قسم کی نا جائز تاخیر ازحد  نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پہلے ہی وضاحت کی جا چکی ہے کہ ری کاؤنٹنگ کن وجوہ کی بنا پر ہو سکتی ہے۔

انتخابات 2018 میں پی ٹی آئی نے واضح اکثریت حاصل کی لیکن دیگر سیاسی جماعتوں کو انتخابی نتائج  پر اعتراضات  تھے جس کے باعث کئی حلقوں میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی بھی کی گئی جبکہ اب بھی متعدد حلقوں میں ری کاؤنٹنگ ہونا باقی ہے۔

انتخابات میں کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں دھاندلی کے الزامات لگانے والی جماعتوں کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے عمل کی پیشکش کی تھی تاہم اب تحریک انصاف کی جانب  سے یہ اعتراض اٹھایا گیا ہے کہ کئی حلقوں میں دوبارہ گنتی کے باعث انتقال اقتدار تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں