کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جاری سپر باکسنگ لیگ کے ٹرائلز کے پہلے دن خواتین کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔
ٹرائلز کے پہلے روز باکسرز کی مہارت اور ایک سے بڑھ کر ایک داؤ پیچ دیکھ کر ججز بھی دنگ رہ گئے، لیگ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ کی بھرمار دیکھ کر ان کے لیے انتخاب کرنا خاصا مشکل ہو گیا ہے۔
دوسری جانب ٹرائلز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے کہا کہ اس لیگ کے ذریعے انہیں آگے بڑھنے اور اپنے ٹیلنٹ کو منوانے کا موقع ملے گا، باکسرز پرامید ہیں کہ انہیں اپنے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
باکسنگ کے کھیل میں اولمپک میڈل کا خواب دل میں رکھنے والی خاتون باکسر زرمینا کہتی ہیں کہ اس لیگ کے ذریعے وہ اپنا خواب پورا کر سکتی ہیں۔
خاتون باکسر زرمینا نے ’ہم نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے لیے باکسنگ کے کھیل میں اولمپک میڈل جیتنے کی خواہش رکھتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اس لیگ کے ذریعے وہ اپنا خواب پورا کر سکتی ہیں۔
پاکستان کی پہلی پروفیشنل باکسنگ لیگ میں ٹیلنٹ کے انتخاب کے لیے کراچی میں اوپن ٹرائلز کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہے گا جبکہ 5 ججز اور 2 ریفریز پر مشتمل ٹیم ٹیلنٹڈ باکسرز کی سلیکشن کے فرائض انجام دیں گے۔