پشاور مویشی منڈی سج گئی، جانوروں کی قیمتوں سے خریدار پریشان


پشاور: عیدالاضحیٰ کی آمد  کے ساتھ  ہی پشاور کی مویشی منڈی میں بھی رونق شروع ہو گئی ہے، دور دراز کے علاقوں سے لوگ اپنے جانور لے کر پہنچ رہے ہیں جبکہ خریداروں کی بڑی تعداد بھی جانوروں کی خریداری کے لیے منڈی آنا شروع  ہو گئے ہیں۔

عیدالاضحیٰ پر سنت ابراہیمی کی تکمیل ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے جسے پورا کرنے کے لیے سبھی صحت مند اور خوبصورت جانور خریدنا چاہتے ہیں مگرمنڈیوں میں بیوپاریوں کی جانب سے زیادہ قیمتوں کے مطالبے کی وجہ سے خریدار کافی پریشان ہیں، خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت اس مرتبہ قیمتوں میں تیس سے چالیس فیصد اضافہ ہواہے۔

پشاور کی مویشی منڈی میں بہت سے ایسے جانور بھی لائے گئے ہیں جو دیکھنے میں اتنے خوبصورت ہیں کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد محض انہیں دیکھنے کے لیے آرہی ہے، بہت سے لوگوں کی خواہش ہے کہ انہیں خریدا بھی جائے لیکن زیادہ قیمتوں کی وجہ سے بیشتر صرف انہیں دیکھ کر ہی گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔

بہت سے لوگ یہ شکوہ کرتے بھی نظر آتے ہیں کہ اس بار جانوروں کی قیمتیں ان کی قوت خرید سے باہر ہیں جس کی وجہ سے شاید وہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی نہ کر پائیں۔ایک طرف خریدار قیمتوں کی وجہ سے شکوہ کناں ہیں تو دوسری  جانب بیوپاری منڈی میں ناقص انتظامات  پر نالاں دکھائی دیتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سینکڑوں میل دور سے جانور لائے ہیں مگر نہ تو ان کے لیے پانی ہے اور نہ ہی گرمی سے بچنے کے لیے بہتر اقدامات کیے گئے ہیں۔مویشی منڈی کے لیے ہونے والے ناقص انتظامات سے بیوپاری نالاں تو جانور گرمی سے پریشان نظر آئے، منڈی میں چارہ فروخت کرنے والوں نے بھی خوب دیہاڑی لگا رکھی ہے اور من چاہی قیمتوں پر چارہ  فروخت کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں