اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ سیاسی اتحاد بنانے کا فیصلہ


اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ سیاسی اتحاد تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا نام پاکستان الائنس فور فیر اینڈ فری الیکشن ہو گا۔

اس بات کا اعلان پاکستان اپوزیشن ایکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد مختلف اپوزیشن رہنماؤں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایکشن کمیٹی میں اتفاق رائے سے تجاویز مرتب کی گئی ہیں، وزیراعظم اور اسپیکر کے لیے امیدواروں کے نام کا فیصلہ ہفتے کے روز کیا جائے گا جبکہ 8 اگست کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں کالی پٹیاں باندھ کر حلف برداری میں شرکت کی جائے، تمام ایوانوں کے اندر اور باہر احتجاج کیا جائے جو تقریب حلف برداری سے ایک دو روز پہلے کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ایکشن  کمیٹی نے ملک بھر میں جلسے کرنے کی تجویز بھی دی ہے جس کے مطابق پہلا جلسہ کوئٹہ میں ہو گا۔

ذرائع کے مطابق شہبازشریف کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈربنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے خورشید شاہ کو اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعرات کے روز اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کے لیے لائحہ عمل تجویز کرنے کے لیے اپوزیشن ایکشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں