سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال: نیب نے عمران خان کو پھر طلب کر لیا

سرکاری ہیلی کاپٹر کا غلط استعمال: نیب نے عمران خان کو پھر طلب کر لیا | urduhumnews.wpengine.com

پشاور: نیب خیبرپختونخوا نے  سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے مقدمہ میں تحریک انصاف سربراہ عمران خان کو طلب کرتے ہوئے سات اگست کو نیب کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

جمعہ کے روز سامنے آنے والی خبر میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کیس میں پانچ رکنی کمیٹی متوقع وزیراعظم کا بیان ریکارڈ کرے گی۔

معاملہ کی چھان بین کے لیے عمران خان کو 30 نکات پر مشتمل سوال نامہ بھی دیا جائے گا۔

نیب کی جانب سے عمران خان کو 18 جولائی کو بھی پیش ہونے کا کہا گیا تھا تاہم تحریک انصاف سربراہ انسداد بدعنوانی سے متعلق ادارے کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔

رواں برس فروری میں نیشنل اکاؤنٹیبیلٹی بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر انتہائی کم نرخوں پر عمران خان کے استعمال میں رہنے کے معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

نیب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ایک بار 22 گھنٹے اور دوسری مرتبہ 52 گھنٹوں کے لیے استعمال کیا اور فی گھنٹہ 28 ہزار روپے کے حساب سے محض 21 لاکھ 70 ہزار 181 روپے کا معاوضہ ادا کیا گیا۔


متعلقہ خبریں